تازہ ترین

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے، مزید 5 فلسطینی شہید

0

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ہفتے کے روز شہر میں دو الگ الگ حملوں میں جانی نقصان ہوا۔

طبی عملے کے مطابق غزہ شہر میں پانڈا مال کے قریب حملے میں چار فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ جنوبی حصے میں واقع التفاح محلے میں ایک اور حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی جان سے گیا۔

اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ اسلحہ جمع کررہی ہے اور حملوں کی تیاری میں مصروف ہے۔ حماس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حملوں یا اسلحے کے ذخیرے کی بحالی کی کوشش نہیں کررہی۔ حماس کا الزام ہے کہ اسرائیل خود امن معاہدے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے میں غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ بھی شامل تھا، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا کی شرائط پر اختلافات کے باعث اس معاملے میں خاطرخواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم 1,400 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران اس کے چار فوجی بھی ہلاک ہوئے۔

فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.