کُرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں 12 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کی کوشش کے دوران افغان طالبان کی پوسٹوں سے خوارج کی معاونت کے لیے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار ہدایت امان کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں افغان طالبان ناکام رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کُرم میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔