تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی خبریں، پی ٹی آئی کا اہم اجلاس آج رات ہوگا

0

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خدشات اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق خبروں کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس آج رات وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہوگا، جس میں ملک کی سیاسی صورتِ حال اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کے بعد کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نہیں لگا سکتی۔ ان کے بقول، ایسا فیصلہ وفاقی حکومت کی سب سے بڑی حماقت ہوگا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایمرجنسی کسی صورت مسئلے کا حل نہیں اور نہ ہی اس سے موجودہ بحران ختم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اب بھی پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم کرے اور عمران خان سے ملاقات کرائے تاکہ مسائل کا حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی ثالثی سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ بھی دیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی باتیں پارٹی کو دباؤ میں لانے کے لیے کی جارہی ہیں، تاہم پی ٹی آئی کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور مطالبات کی منظوری تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔

شوکت یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ ایمرجنسی کے فیصلے کے باوجود حکومت اسے نافذ نہیں کرسکتی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.