کوئٹہ میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی، 10 خواتین سمیت 13 افراد گرفتار
کوئٹہ میں پیشہ ورانہ گداگری کی روک تھام کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 خواتین سمیت 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے ویلفیئر ہوم فار بیگرز کی ٹیم نے جناح روڈ، قندھاری بازار، لیاقت بازار، پرنس روڈ، پٹیل روڈ، ڈبل روڈ اور سریاب روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر کارروائی کی۔ حراست میں لیے گئے افراد کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں منتقل کردیا گیا۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد پیشہ ورانہ گداگری کی حوصلہ شکنی کرنا اور ایسے افراد کی نشاندہی کرنا ہے جو حقیقی طور پر فلاحی امداد اور بحالی کے مستحق ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پیشہ ورانہ گداگری کے خلاف کارروائیاں قانون کے مطابق مسلسل جاری رکھی جائیں۔