تازہ ترین

ایران پر امریکی حملوں کے خدشات، عالمی منڈی میں خام تیل 5 فیصد سے زیادہ مہنگا

0

عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں نے ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال اختیار کرلی ہے، ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کی اطلاعات کے بعد جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد قیمتوں میں کچھ کمی بھی دیکھی گئی۔

اطلاعات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کو ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کیلئے مختلف آپشنز تیار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس دوران یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا کہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل محدود فوجی کارروائی کی جاسکتی ہے، تاہم حملے کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں ہوئی تھی۔

ان اطلاعات کے بعد عالمی معیار برینٹ خام تیل کی قیمت 5 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 105.46 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 92.82 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو بھی مفید قرار دیا، جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں ابتدائی اضافے کے مقابلے میں کمی دیکھی گئی۔

عالمی توانائی منڈی میں موجودہ اتار چڑھاؤ کی اہم وجوہات میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی، آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی سلامتی اور خطے سے توانائی کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.