تازہ ترین

شہباز شریف کی ریاض اور ابہا ایئرپورٹس پر حملوں کی شدید مذمت

0

اسلام آباد: سعودی عرب کے اہم ہوائی اڈوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کے بعد پاکستان نے برادر ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

شہباز شریف نے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے پر سعودی مسلح افواج اور اتحادی اتحاد کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم جانوں کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتے ہوئے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ حملے فوری طور پر بند کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ان خطرات کا مقابلہ کرنے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.