اسلام آباد: صوبائی حکومتوں کو درپیش مالی دباؤ کے باعث بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں صوبائی اخراجات کا مقررہ ہدف کم کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف صحت اور تعلیم کیلئے صوبائی اخراجات کا ہدف موجودہ 4.2 کھرب روپے سے کم کرکے تقریباً 3.9 کھرب روپے کرنے پر غور کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال بھی صوبائی حکومتوں کیلئے مقررہ اخراجات کا ہدف حاصل کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے، جس کے باعث اخراجات کے ہدف پر نظرثانی کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
گزشتہ مالی سال بھی چاروں صوبوں کے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر مجموعی اخراجات آئی ایم ایف کے مقررہ ہدف سے تقریباً 370 ارب روپے کم رہے تھے۔
وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے گزشتہ ماہ ایک پارلیمانی کمیٹی کو بتایا تھا کہ جاری پروگرام کے دوران صحت اور تعلیم کے اخراجات سے متعلق آئی ایم ایف کی شرط مسلسل پوری نہیں ہو رہی۔
ذرائع کے مطابق موجودہ مالی صورتحال اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اخراجات کا ہدف پورا نہ کیے جانے کے باعث آئی ایم ایف کے ساتھ اس معاملے پر مزید مشاورت جاری ہے۔