بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے آٹو ٹیکنالوجی کی جدید تربیت، بی ٹیوٹا اور پاک سوزوکی میں معاہدہ
کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں کو آٹو مینوفیکچرنگ اور آٹو میکینک کے شعبوں میں جدید اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بی ٹیوٹا اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے درمیان تکنیکی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے پر بی ٹیوٹا کے ایم ڈی عبدالکبیر خان زرکون اور پاک سوزوکی کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر یوشیتاکا اوئیشی نے دستخط کیے۔ تقریب میں سیکریٹری لیبر اینڈ مین پاور صالح محمد ناصر، بی ٹیوٹا کے ڈائریکٹرز و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور پاک سوزوکی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
معاہدے کے پہلے مرحلے میں پاک سوزوکی کی جانب سے بی ٹیوٹا کے مختلف ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کیلئے 12 جدید گاڑیوں کے انجن فراہم کیے گئے ہیں، جن پر طلبہ براہ راست عملی تربیت حاصل کریں گے۔
معاہدے کے دوسرے مرحلے میں پاک سوزوکی کی جانب سے بی ٹیوٹا کے آٹو میکینک انسٹرکٹرز کیلئے خصوصی تربیتی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے، جن میں اساتذہ کو آٹوموبائل ٹیکنالوجی میں ہونے والی جدید پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
دونوں اداروں نے بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے مستقبل میں بھی باہمی تعاون اور مختلف تربیتی پروگرامز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔