ریونیو ریکارڈ درست اور مکمل رکھا جائے، کمشنر لسبیلہ سائرہ عطاء
اوتھل: لسبیلہ ڈویژن میں ریونیو معاملات کی نگرانی اور سرکاری واجبات کی وصولی بہتر بنانے کے لیے کمشنر سائرہ عطاء کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اراضی ریکارڈ اور زیرِ التوا کیسز سمیت مختلف ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ کونسل اوتھل کے کانفرنس ہال میں ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لسبیلہ سراج احمد بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز بیلہ، اوتھل اور کنراج، متعلقہ تحصیلداروں، تحصیلدار سیٹلمنٹ بیلہ و لیاری سمیت ریونیو افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ریونیو وصولیوں اور بقایاجات، زیرِ التوا ریونیو کیسز، جمع بندی و خسرہ گرداوری، انتقالات، سرکاری و نجی اراضی پر تجاوزات، اراضی کی منتقلی و حصول، حدبندی و تقسیم، زرعی آمدنی ٹیکس، پانی کے بورز اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمشنر سائرہ عطاء نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکارڈ مکمل اور درست رکھا جائے، زیرِ التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے پانی کے بورز سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ریونیو انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔
کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ ریونیو معاملات میں شفافیت، ریکارڈ کی درستگی اور مؤثر نگرانی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔