تازہ ترین

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد تک گر گئیں

0

عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کو قابو کرنے کے لیے بڑے صنعتی ممالک کی جانب سے ہنگامی اقدامات پر غور کے بعد جمعہ کو خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

امریکی خام تیل کی قیمت میں ایک موقع پر 5 فیصد تک کمی ہوئی، بعد ازاں یہ تقریباً 4 فیصد کمی کے ساتھ 89.15 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 2.6 فیصد کم ہوکر 99.63 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جو گزشتہ کئی روز سے 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر برقرار تھی۔

یورپی یونین اس سے قبل اعلان کرچکی ہے کہ وہ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ساتھ مل کر ہنگامی ذخائر میں موجود مزید خام تیل اور ایندھن عالمی منڈی میں لانے پر کام کرے گی، جس کا مقصد رسد میں اضافہ کرکے قیمتوں کو کم کرنے میں مدد دینا ہے۔

دوسری جانب صنعتی ممالک کے گروپ کے رہنماؤں نے خام تیل اور صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی عالمی منڈی کی صورت حال اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے لیے مشترکہ اقدامات پر ہنگامی مشاورت شروع کردی ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر ایران سے متعلق جنگ اور خلیجی خطے میں توانائی کی ترسیل کو درپیش رکاوٹوں کے باعث دباؤ برقرار ہے، جبکہ مختلف ممالک کی جانب سے ہنگامی ذخائر استعمال کرنے کے اقدامات کا مقصد عالمی رسد کو بہتر بنانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.