تازہ ترین

نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جعفر مندوخیل

0

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ جمہوریت صرف انتخابات کے انعقاد تک محدود نہیں بلکہ یہ عوام کی حکمرانی، اجتماعی ذمہ داری اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا نظام ہے، جبکہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

گورنر بلوچستان نے یہ بات گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو، نور محمد دومکی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل اور پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی سے ملاقات کے دوران کہی۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا اصل سرمایہ ہیں، اس لیے انہیں معیاری تعلیم، روزگار کے مواقع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام میں اپنے حقوق و فرائض کا شعور اجاگر کیا جائے، سماجی انصاف کو فروغ دیا جائے اور شہریوں کے آئینی حقوق و اختیارات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ نومنتخب عوامی نمائندوں پر سیاسی اور سماجی اعتبار سے اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، انہیں معاشرے میں تقسیم اور فاصلے پیدا کرنے کے بجائے قومی اتحاد، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو اپنے انتخابی حلقوں میں بالخصوص ان شہریوں کی مؤثر آواز بننا چاہیے جو اپنے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے خود بھرپور انداز میں آواز نہیں اٹھا سکتے۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کے نتیجے میں ملک معاشی مشکلات سے نکلنے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے، تاہم اب ضرورت ہے کہ معاشی استحکام کو عوامی خوشحالی میں تبدیل کیا جائے، کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے اور عام شہریوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی کا انحصار صرف حکومتی اداروں پر نہیں بلکہ عوامی نمائندوں کے طرز عمل، سیاسی برداشت، شفافیت اور عوام سے مسلسل رابطے پر بھی ہے۔ منتخب نمائندے اپنے حلقوں کے مسائل کو ترجیح دیں اور اجتماعی اہداف و مفادات کو مقدم رکھیں تو جمہوری ادارے مزید مستحکم اور عوام کا نظام حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی فلاح، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے کردار ادا کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.