تازہ ترین

پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو لاکھوں افراد اسلام آباد کا رخ کریں گے، حافظ نعیم

0

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو لاکھوں افراد اسلام آباد کا رخ کرسکتے ہیں۔

بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج ناکافی ہے اور حکومت کو پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنی چاہیے، بصورت دیگر جماعت اسلامی طویل دھرنے اور احتجاجی جدوجہد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران بین الاقوامی مالیاتی ادارے کا نام لے کر عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، جبکہ حکومتی اخراجات اور شاہ خرچیوں میں کمی نہیں کی جارہی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاسی عمل اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے مختلف ادوار میں اپنا مؤقف واضح کرچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو دی گئی مہلت ختم ہورہی ہے، وزیراعظم ملاقات کریں یا نہ کریں، پٹرولیم لیوی ختم کرنا ہوگی، بصورت دیگر عوام اسلام آباد کی طرف نکلیں گے اور جماعت اسلامی طویل دھرنے کے لیے تیار ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت کی جدوجہد کسی سیاسی رہنما یا خاندان کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے ہے، جبکہ عوام کے مسائل سیاسی جماعتوں کو جواب دہ بنانے کا سبب بنیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے ملک میں چینی، آٹا، پٹرول اور دیگر شعبوں میں بااثر طبقات کے اثر و رسوخ کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ مختلف ادوار کی حکومتوں میں ایسے عناصر کے شامل رہنے سے عوام پر بوجھ بڑھا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ فی لیٹر پٹرول پر پٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں وصول کی جانے والی رقم کہاں خرچ کی جارہی ہے، جبکہ ان کے بقول ریفائنریز کی بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

حافظ نعیم الرحمن نے ایف بی آر میں سالانہ 1300 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا دعویٰ بھی کیا اور کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کی ناکامی کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی ایک سیاسی جماعت کے بجائے عوام کے ساتھ اتحاد کرے گی اور موجودہ نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.