ٹیکس نیٹ میں توسیع، بی آر اے اور محکمہ ایکسائز کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق
بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین عبداللہ خان نے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ساؤتھ زمان خان سے ملاقات کی، جس میں ٹیکس اصلاحات، ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور دونوں محکموں کے درمیان باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور صوبائی ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے درمیان رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد بہتر بنایا، ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کیں اور محصولات کی وصولی کے نظام کو مزید فعال کیا جا سکے۔