ایران میں سڑک کنارے بم دھماکا، پاسداران انقلاب کے 5 اہلکار ہلاک
ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے 5 اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق واقعہ زاہدان کے قریب پیش آیا، جہاں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو پہلے دھماکے سے نشانہ بنایا گیا اور اس کے بعد فائرنگ کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پاسداران انقلاب کی زمینی افواج کے جنوب مشرقی قدس ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی شناخت، تعاقب اور گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایرانی حکام نے واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے، تاہم ابتدائی بیان میں کسی مخصوص تنظیم یا گروہ کو حملے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں جبکہ حکام کی جانب سے حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔