تازہ ترین

پاکستان دہشت گردی سے شدید متاثر، امریکا کو بھرپور مدد کرنا ہوگی: ٹام سوازی

0

نیویارک: امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس کے چیئرمین ٹام سوازی نے پاکستان کو دہشت گردی سے شدید متاثرہ ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور عالمی برادری کو پاکستانی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں اسلام آباد کی بھرپور مدد کرنی چاہیے۔

امورِ خارجہ کے ماہر محمد مہدی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ٹام سوازی نے کہا کہ دنیا پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے سنگین چیلنج کو پوری طرح نہیں سمجھ رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک دشوار گزار، غیر آباد اور پہاڑی سرحد کی حفاظت کا سامنا ہے، جہاں بیرونی عناصر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ان کے مطابق امریکا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ انٹیلی جنس کا تبادلہ کرنا چاہیے۔

ٹام سوازی نے کہا کہ امریکا کو اپنے اتحادی ممالک کو بھی قائل کرنا چاہیے کہ پاکستان کو انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی ضروریات کے لیے ہتھیاروں کی فراہمی ایک قابلِ غور اقدام ہے۔

انہوں نے خطے کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور وسیع خطے کے مستقبل میں پاکستان کی اہمیت ہے۔ ان کے مطابق امریکا اور اس کے مخالف ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اسے مختلف فریقوں کے درمیان رابطے اور اختلافات کم کرنے میں کردار ادا کرنے کا موقع دیتے ہیں۔

ٹام سوازی نے پاک امریکا اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیتے ہوئے پاکستان میں نوجوان آبادی، قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیت کو سرمایہ کاری کے لیے اہم عوامل قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.