تازہ ترین

پاکستان کے خلاف اسلحہ اٹھانے والا ہر شخص دہشت گرد ہے، سہیل آفریدی کی علی امین گنڈاپور کے ہمراہ پریس کانفرنس

0

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے اور قیامِ امن کے لیے پولیس کو 35 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے درازندہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو بھی اسلحہ اٹھاتا ہے وہ دہشت گرد ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صرف عوام ہی نہیں بلکہ سکیورٹی فورسز کے جوان بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام امن چاہتے ہیں اور حکومت کو احساس ہے کہ دہشت گردی کی لہر میں بچے، خواتین اور نوجوان متاثر ہو رہے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو شخص شہید ہوگا، اسے شہید پیکیج دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو اعتماد میں لیے بغیر صوبے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالات خراب ہیں، تاہم صوبائی حکومت امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بند کمروں میں ہونے والے فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتے اور امن سے متعلق معاملات میں عوام کو اعتماد میں لیا جانا ضروری ہے۔

سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے خیبرپختونخوا کو بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی جانب سے ادائیگی کے باوجود گاڑیاں فراہم نہیں کی جا رہیں۔ انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ صوبے کو فوری طور پر بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جائیں کیونکہ دہشت گردی کا سب سے زیادہ بوجھ خیبرپختونخوا اٹھا رہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے درازندہ دھماکے کے زخمیوں کی اسپتال میں عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے زخمیوں کی صحت اور علاج سے متعلق بریفنگ بھی لی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.