ایرانی قوم پابندیوں کے باوجود مضبوطی سے کھڑی ہے، مسعود پزشکیان
تہران-ایران کو درپیش معاشی دباؤ کے تناظر میں صدر مسعود پزشکیان نے پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی اور سیاحتی روابط بڑھانے پر زور دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو تباہ کرنے کا خواب دیکھتے رہیں گے، ایرانی قوم طاقت اور ثابت قدمی کے ساتھ تمام رکاوٹوں کو عبور کرے گی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امریکی پابندیوں کو پڑوسی ممالک کے ساتھ سیاحتی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کے موقع میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنا کر ایران کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم مشکلات اور پابندیوں کے باوجود مضبوطی سے کھڑی ہے اور عوام ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کا خیال تھا کہ جنگ کے باعث ایرانی عوام کمزور ہوجائیں گے، تاہم جنگ کے باوجود عوام پہلے سے زیادہ متحد اور پُرعزم ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ امریکا نے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے لیے 50 سے زائد ممالک پر دباؤ ڈالا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی فضائی کمپنیوں اور بینکوں پر عائد نئی پابندیوں کے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔