تازہ ترین

مکہ دفاعی اتحاد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عسکری سربراہان کا ہنگامی اجلاس متوقع

0

ریاض: سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک کے عسکری سربراہان کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس میں سعودی عرب کی سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ مشترکہ تعاون پر غور کیا جائے گا۔

تازہ پیش رفت کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے نیویارک میں ملاقات کے دوران مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

ملاقات کے بعد تینوں ممالک کے چیف آف اسٹاف کا فوری اجلاس منعقد کرنے کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔ اس اجلاس میں سعودی عرب کی مدد اور دفاعی معاہدے کے تحت ممکنہ اقدامات پر غور متوقع ہے۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست کو مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع اور دفاعی تعاون کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک قائم کیا ہے۔

یہ پیش رفت سعودی عرب میں حوثی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا اور سعودی عرب کے دفاعی اقدامات کے حق کو تسلیم کیا۔

مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک پہلے ہی دفاعی تعاون کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت ریاض میں جنرل سیکریٹریٹ قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو اس کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کیا جا چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.