پی ٹی آئی کا ممکنہ مارچ روکنے کیلیے اسلام آباد کے داخلی راستوں پر خندقیں، مورچے بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کا مشن شروع ہوگیا، وفاقی حکومت نے سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر احتجاجی قافلوں کو روکنے کی منصوبہ بندی کرلی اور اسلام آباد آنے والی شاہراہوں پر خندقیں کھودنے، مورچے بنانے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کو مختلف سیاسی جماعتوں کے احتجاج کا سامنا ہے، جہاں ممکنہ احتجاجی قافلوں کی آمد کے پیش نظر وفاقی انتظامیہ نے خیبرپختونخوا سے وفاق آنے والے راستوں کا سروے مکمل کرلیا ہے جب کہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے مظاہرین کو روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
وفاقی پولیس نے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والی شاہراہوں پر خندقیں کھودنے کا فیصلہ کیا ہے، موٹروے اور جی ٹی روڈ پر احتجاجی قافلوں کو روکنے کے لیے خندقیں کھودی جائیں گی جب کہ 26 نمبر چونگی اور مارگلہ ٹیکسلا کے قریب بھی خندقیں کھودنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی کے ساتھ خیبرپختونخوا سے وفاقی دارالحکومت آنے والے دیگر راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی جب کہ اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر رکھے کنٹینرز میں مٹی کی بوریاں بھرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
ریڈ زون کے گرد رکھے کنٹینرز میں مٹی سے بھری بوریاں ڈالی جائیں گی، گاڑیوں کی آمدروفت روکنے کے لیے بھی مٹی کی بوریاں رکھی جائیں گی، بوریوں میں مٹی بھرنے کے لیے درجنوں مزدوروں کو کام پر لگا دیا گیا جب کہ بوریاں بھرنے کے لیے مٹی کی ٹرالیاں ریڈ زون میں بھی منگوائی جارہی ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ بوریوں میں مٹی بھرنے کے لیے درجنوں مزدوروں کو کام پر لگا دیا گیا ہے، مزدور صبح سے شام تک مٹی کی بوریاں بھرنے میں لگے ہوئے ہیں، بوریاں بھرنے کے لیے مٹی کی ٹرالیاں ریڈزون میں منگوائی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ریڈزو ن کے داخلی ںاکوں پر مٹی کی بوریوں سے مورچے بھی بنائے جائیں گے اور مظاہرین کو روکنے کے لیے داخلی راستوں پر سڑکیں کھودنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ داخلی سڑکوں پر خندقیں کھودکر وہاں سے آمدورفت ناممکن بنانے کا پلان بنایا گیا، راولپنڈی اسلام آباد پولیس کے افسران کو خندقیں کھودنے کے لیے مشینری اور مزدور جمع کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔