تازہ ترین

اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ، بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت پر زور

0

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے تازہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی کے ساتھ بحری جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی پیش رفت پر گفتگو کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ توانائی کی مسلسل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ و تیز رفتار گزرگاہ ترقی پذیر ممالک اور عالمی رسد کے نظام کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔

نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن اور استحکام یقینی بنانے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابلِ عمل راستہ ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

بعد ازاں اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری محمد حسن سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.