مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اماراتی وزیر خارجہ کے اہم سفارتی رابطے
دبئی: مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے درمیان متحدہ عرب امارات نے خطے کے اہم ممالک کے ساتھ سفارتی مشاورت تیز کردی ہے، اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے مصر، کویت اور قطر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، حالیہ پیش رفت اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں، علاقائی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے امکانات پر گفتگو کی۔
دوسری جانب اماراتی وزیر خارجہ کا قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات اور دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے مصر، کویت اور قطر کے ساتھ یہ سفارتی رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے عرب ممالک کے درمیان مشاورت کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔