تازہ ترین

امریکا سمیت 4 اتحادی ممالک کا ایران کا جوہری معاملہ سلامتی کونسل میں لے جانے کا اعلان

0

واشنگٹن: ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی دباؤ ایک بار پھر بڑھنے لگا ہے، امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران کے خلاف نئی سفارتی کارروائی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں تہران کا جوہری معاملہ طویل عرصے بعد دوبارہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تک پہنچنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق چاروں مغربی ممالک عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے خلاف نئی قرارداد پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ مجوزہ قرارداد میں تہران سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی ذمہ داریوں پر مکمل عمل کرے اور آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو ضروری رسائی فراہم کرے۔

ذرائع کے مطابق اگر قرارداد منظور ہوگئی تو آئی اے ای اے کی جانب سے ایران کے عدم تعاون کے معاملے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں رپورٹ کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں تقریباً دو دہائیوں بعد ایران کا جوہری معاملہ دوبارہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر آنے کا امکان ہے۔

مغربی ممالک کو ایران کی جانب سے جوہری تنصیبات تک آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی رسائی محدود کیے جانے پر تشویش ہے۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کو ایران کے پاس موجود 60 فیصد تک افزودہ یورینیم کے ذخیرے پر بھی تحفظات ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایران کے پاس تقریباً 9.440 ٹن افزودہ یورینیم موجود ہونے کی اطلاعات ہیں، جس نے عالمی سطح پر اس کے جوہری پروگرام سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے قرارداد پیش کیے جانے کی صورت میں ایران کے جوہری پروگرام پر سفارتی محاذ ایک بار پھر متحرک ہوسکتا ہے اور معاملہ عالمی سطح پر بڑی بحث بننے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ایران کا ردعمل اور آئندہ اقدامات اس نئی سفارتی کشیدگی کی سمت طے کرنے میں اہم ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.