تازہ ترین

وزیراعظم ہاؤس کی فائر ڈرل میں اہم خامیاں سامنے آگئیں، سائرن اور ایمرجنسی گیٹ غیرمعیاری

0

اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کی جانچ کے لیے کی گئی فائر اینڈ ریسکیو ڈرل نے سکیورٹی نظام میں چند اہم خامیوں کی نشاندہی کر دی، فائر الارم اور سائرن کی آواز کم ہونے کے ساتھ بجلی کی بندش کے دوران الیکٹریکل گیٹ بھی نہ کھل سکا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں فرضی فائر اینڈ ریسکیو ڈرل منعقد کی گئی، جس کے دوران سی ڈی اے کیپٹل ایمرجنسی سروسز نے فائر اینڈ ریسکیو رسپانس اور ہنگامی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ فرضی ڈرل کے دوران فائر کال موصول ہونے کے تقریباً 4 منٹ بعد جی-5 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گیا، جبکہ ریسکیو وین اور برونٹو اسکائی لفٹ 9 منٹ میں وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔

ڈرل کے دوران فائر الارم اور سائرن کی آواز انتہائی کم ہونے کی نشاندہی کی گئی، جس کے باعث ہنگامی صورتحال میں موجود افراد کو بروقت خبردار کرنے کے نظام پر سوالات اٹھ گئے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی بندش کے بعد وزیراعظم ہاؤس کا الیکٹریکل گیٹ بھی نہیں کھل سکا۔ اس صورتحال کے پیش نظر ہنگامی حالات میں گیٹ کھولنے کے لیے دستی یا متبادل نظام فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کے مطابق کیپٹل ایمرجنسی سروسز کا مجموعی فائر اینڈ ریسکیو رسپانس بروقت اور تسلی بخش رہا، تاہم وزیراعظم ہاؤس میں سامنے آنے والی حفاظتی خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.