وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ نومیڈ گیمز میں شرکت، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ تقریب کے موقع پر وزیراعظم نے متعدد عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔
افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے مختلف ممالک کے سربراہان، وزرائے اعظم اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمر پوتن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیتھ، ٹوگو کے صدر فاؤرے گناسنگبے اور منگولیا کے صدر اوخناگین خورلسوخ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم آمد پر وزیراعظم نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ شائقین نے بھی پاکستانی دستے کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں کشتی، ہارس ریس، تیر اندازی، روایتی شکار اور مختلف ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں جاری رہیں گے، جن کا مقصد مختلف ممالک کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ عوام کے درمیان باہمی روابط اور مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔