تازہ ترین

عوامی سہولت مرکز انصاف کو ہر شہری کی دسترس میں لانے کی جانب اہم قدم ہے: چیف جسٹس

0

کوئٹہ: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عوامی سہولت مرکز کا قیام انصاف کو ہر شہری کی دسترس میں لانے کی جانب اہم قدم ہے، جبکہ ٹیکنالوجی اور جدید بنیادی ڈھانچے کا اصل مقصد عدالتی عمل کو تیز، شفاف، قابلِ رسائی اور عوام دوست بنانا ہے۔

عوامی سہولت مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور بلوچستان ہائیکورٹ کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ فاصلے، معلومات کی کمی اور دیگر عملی مشکلات عام شہری کے لیے انصاف کے حصول میں رکاوٹ بن سکتی ہیں، اس لیے عدالتی اداروں میں شہریوں کی ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عدالتی اصلاحات صرف ٹیکنالوجی یا نئی عمارتوں کے ذریعے ممکن نہیں، بلکہ بینچ اور وکلا کو مل کر نظام انصاف کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان ہائیکورٹ میں قائم عوامی سہولت مرکز کسی ایک فرد کا منصوبہ نہیں بلکہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی پالیسی کا حصہ ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سہولت مراکز کا دائرہ صرف ہائیکورٹس تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں ضلعی اور تحصیل کی سطح تک بھی وسعت دی جانی چاہیے تاکہ شہریوں کو اپنے قریب بنیادی عدالتی سہولیات اور ضروری رہنمائی دستیاب ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ انصاف تک رسائی فنڈ کے تحت ملک بھر میں چار بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے، جن میں بلاتعطل بجلی یا شمسی توانائی، بلاتعطل انٹرنیٹ، خواتین کے لیے مناسب سہولت اور صاف پینے کا پانی شامل ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے بلوچستان کی عدلیہ اور وکلا کی خدمات کو بھی سراہا اور عدالتی فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے ججز اور وکلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کو حقیقی خراج عقیدت قانون کی حکمرانی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عوامی سہولت مرکز کا بنیادی مقصد عدالت اور شہری کے درمیان فاصلے کو کم کرنا اور عام آدمی کے لیے انصاف کے حصول کو مزید آسان بنانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.