کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے پاکستان مسلم لیگ ن کے اقلیتی رہنماؤں اور کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کے عہدیداران نے ملاقات کی اور انہیں کامیاب دورہ امریکا، اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ میں شرکت اور خطاب پر مبارکباد پیش کی۔
سابق وفاقی وزیر خلیل جارج کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے کوئٹہ شہر کے مختلف اقلیتی علاقوں کے علاقائی عہدیداران اور رہنماؤں نے گورنر بلوچستان سے ملاقات کی۔
گورنر جعفر خان مندوخیل نے وطن واپسی پر استقبال اور مبارکباد دینے پر اقلیتی برادری کے نمائندوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ سے خطاب پاکستان اور بلوچستان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سربراہی اجلاس سے خطاب ہو یا امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات، ہر موقع پر پاکستان اور بلوچستان کی نمائندگی کرنا اور نوجوانوں کی آواز عالمی سطح پر اجاگر کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ مختلف مواقع پر دنیا بھر سے آئے مندوبین اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور پذیرائی اور عزت افزائی ملی۔ انہیں یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے دلوں میں اپنے ملک اور عوام کے لیے بے پناہ محبت اور وابستگی موجود ہے۔

انہوں نے ٹیکساس، ہیوسٹن اور لاس اینجلس میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد تجارت اور کاروبار سے وابستہ ہے اور پاکستان کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہمارا تعلق مختلف قوموں، مذاہب اور علاقوں سے ہوسکتا ہے، لیکن ہم سب پاکستانی ہیں۔ آئین پاکستان کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں اور باہمی اتحاد، احترام اور یکجہتی کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
گورنر بلوچستان نے مسلم لیگ ن میں اقلیتی رہنماؤں اور نمائندوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور کہا کہ اب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ متحد ہوکر عوام کی خدمت کریں اور ملک و صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر محمد خان لہڑی نے کہا کہ اقلیت ہوں یا اکثریت، ہم سب ایک ہی ملک کے باشندے ہیں۔ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتی برادریوں کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کردار قابلِ قدر ہے۔
محمد خان لہڑی نے بھی گورنر بلوچستان کو دورہ امریکا کی کامیابی اور عالمی فورم پر پاکستان و بلوچستان کی مؤثر نمائندگی پر مبارکباد پیش کی۔
اس سے قبل سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ میں گورنر بلوچستان کی شرکت اور خطاب سب کے لیے باعثِ فخر اور مسرت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی اور ہندو برادری کی جانب سے گورنر بلوچستان کو کامیاب دورہ امریکا پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ عالمی فورم پر پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز مؤثر انداز میں پیش کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔
ملاقات کے اختتام پر مسلم لیگ ن کی صوبائی رہنما ثناء انتظار کی جانب سے گورنر بلوچستان کو گلدستہ پیش کیا گیا جبکہ دیگر نمائندوں نے انہیں ہار پہنائے۔