تازہ ترین

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر خضدار کا لائبریری کا دورہ، تعلیمی سہولیات کا جائزہ

0

خضدار: کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی اور ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے شہید عاشق عثمان لائبریری کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے طلبہ کے لیے دستیاب تعلیمی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ لائبریری میں مقابلے کے امتحانات اور تحقیق سے متعلق جدید کتابوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔

دورے کے دوران لائبریری انتظامیہ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ادارے کی کارکردگی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کو بتایا گیا کہ لائبریری کا بنیادی مقصد خضدار کے طلبہ اور نوجوانوں کو پُرسکون تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مقابلے کے امتحانات اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کی بہتر تیاری کرسکیں۔

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے لائبریری کے قیام اور تزئین و آرائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی مراکز نوجوانوں کے لیے علم، تحقیق اور مطالعے کا اہم ذریعہ ہیں۔

افسران نے لائبریری کی عمارت، ریڈنگ ہال اور طلبہ کے لیے بیٹھنے کی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

لائبریری انتظامیہ کے مطابق بی ایم ای کی جانب سے لائبریری کو جدید سولر سسٹم سے آراستہ کیا گیا ہے، جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دوران بھی بجلی کی فراہمی برقرار رہتی ہے اور طلبہ کو بلا تعطل مطالعے کا موقع مل رہا ہے۔

سولر سسٹم کے ذریعے لائبریری کی روشنی، پنکھوں اور کمپیوٹر سسٹم کو مسلسل بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ اس اقدام سے بجلی کے اخراجات میں کمی کے ساتھ ماحول دوست توانائی کے استعمال کو بھی فروغ ملا ہے۔

کمشنر خضدار قادر بخش پرکانی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ایسے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے لائبریری میں موجود کتابوں اور دیگر تعلیمی وسائل کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نصابی کتب کے ساتھ مقابلے کے امتحانات، جنرل نالج اور تحقیق سے متعلق جدید کتابیں بھی شامل کی جائیں تاکہ طلبہ زیادہ سے زیادہ استفادہ کرسکیں۔

انتظامیہ کے مطابق تزئین و آرائش کے بعد لائبریری آنے والے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں طلبہ یہاں مطالعہ اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.