ایس سی او اجلاس، وزیراعظم شہباز شریف بشکیک پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران علاقائی و عالمی امور سمیت پاکستان کے اہم مفادات اور ترجیحات پر گفتگو کریں گے۔
ماناس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کرغز کابینہ کے چیئرمین ادیل بیک کاسمالیف نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کرغزستان کے صدر صدر صادیر ژاپاروف کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ وہ اپنے قیام کے دوران ایس سی او سربراہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اور ایس سی او پلس سمٹ میں شرکت کریں گے۔ پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت بھی سنبھالے گا۔ وزیراعظم 31 اگست کو ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر حکام شامل ہیں۔ شہباز شریف ایس سی او اجلاسوں میں شریک مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وزیراعظم 2 ستمبر کو کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور کرغزستان کے باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطوں، تعلیم اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما عوامی روابط اور علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط پر مبنی قریبی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کو مزید فروغ دینے اور حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ دونوں ممالک امن، علاقائی رابطوں اور خوشحالی کے لیے تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
ایس سی او کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر بشکیک میں تقریباً ایک درجن عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ تنظیم کے 10 رکن ممالک ہیں، جبکہ افغانستان اور منگولیا مبصر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان اگلے سال ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس کی میزبانی اسلام آباد میں کرے گا۔