واورے: جرمنی نے فیصلہ کن لمحات میں شاندار دفاع کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کو 0-1 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، جبکہ چوتھی بار عالمی اعزاز جیت کر پاکستان کے سب سے زیادہ ورلڈ کپ ٹائٹلز کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
بیلجیم کے شہر واورے کے بیلفیئس ہاکی ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے دو کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی، جبکہ اسپین نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھتے ہوئے کئی مواقع پیدا کیے۔
جرمنی نے تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں ملنے والے اہم موقع سے فائدہ اٹھایا۔ مشیل اسٹروتھوف نے فیصلہ کن گول کرکے جرمنی کو 0-1 کی برتری دلادی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اسپین نے آخری کوارٹر میں گول برابر کرنے کے لیے بھرپور حملے کیے اور اختتامی لمحات میں اضافی فیلڈ کھلاڑی کے ساتھ جارحانہ حکمت عملی بھی اپنائی، تاہم جرمن دفاع نے کوئی موقع نہ دیا۔
یوں جرمنی نے مسلسل دوسری بار عالمی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے اپنا چوتھا ہاکی ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کرلیا اور پاکستان کے چار عالمی اعزازات کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔
اسپین 1998 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچا تھا، تاہم اسے فیصلہ کن معرکے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔