کیا سشمیتا سین شادی کرنے والی ہیں؟ اداکارہ نے دلچسپ جواب دے دیا
بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے شادی سے متعلق مداح کے سوال پر ایسا دلچسپ جواب دیا کہ ان کی گفتگو نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی۔
نئی دہلی سے بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی پہلی مس یونیورس کا اعزاز رکھنے والی سشمیتا سین نے حال ہی میں انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران مداحوں سے گفتگو کی، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
اسی دوران ایک مداح نے اداکارہ سے پوچھا کہ کیا وہ شادی کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں؟
سشمیتا سین نے سوال کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے دلچسپ انداز میں کہا کہ وہ اور مداح اس سوال کا جواب تلاش کرتے رہیں گے۔
اداکارہ کے اس منفرد جواب نے سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کی، کیونکہ سشمیتا سین ماضی میں بھی شادی نہ کرنے کے اپنے فیصلے اور ذاتی تعلقات کے بارے میں کھل کر گفتگو کرتی رہی ہیں۔
2022 میں ایک گفتگو کے دوران اداکارہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی تھی کہ مختلف تعلقات میں رہنے کے باوجود انہوں نے شادی کیوں نہیں کی۔
سشمیتا سین کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں کچھ دلچسپ مرد آئے، تاہم ان کے تعلقات شادی کے مرحلے تک نہیں پہنچ سکے۔