ایپل کا بڑا اعلان، نئے آئی فونز اور ایپل واچ کی رونمائی 9 ستمبر کو متوقع
کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے نئے مصنوعات کے بڑے لانچ ایونٹ کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی کے مطابق خصوصی تقریب 9 ستمبر کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کیوپرٹینو میں واقع ایپل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوگی، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگی۔
ایپل کی جانب سے میڈیا کو بھیجے گئے دعوت ناموں میں ’’سرپرائز اینڈ شائن‘‘ کا جملہ نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ دعوت نامے میں روشن ایپل لوگو بھی دکھایا گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ٹیکنالوجی صارفین کی نظریں کمپنی کے نئے آئی فون اور دیگر مصنوعات کی رونمائی پر مرکوز ہوگئی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کے اس ایونٹ میں نئے آئی فون ماڈلز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ایپل واچ کے نئے ماڈلز بھی پیش کیے جاسکتے ہیں، جبکہ بعض رپورٹس میں کمپنی کے پہلے فولڈنگ آئی فون کی ممکنہ رونمائی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ایپل نے رواں ہفتے نئے میک منی اور میک اسٹوڈیو ماڈلز کا اعلان بھی کیا ہے، جن کی ترسیل 22 ستمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ تاہم 9 ستمبر کا ایونٹ کمپنی کے آئی فون سمیت اہم نئی مصنوعات کے حوالے سے زیادہ توجہ حاصل کررہا ہے۔
تقریب کے دوران سری کے نئے اے آئی ورژن کی رونمائی بھی متوقع ہے۔ نیا نظام جدید لارج لینگویج ماڈل ٹیکنالوجی استعمال کرے گا، جس کے ذریعے سری میسجنگ، کیلنڈر اور دیگر ایپس کے ساتھ پہلے کے مقابلے میں زیادہ مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل ہوسکتی ہے۔
یہ ایونٹ ایپل کے لیے انتظامی اعتبار سے بھی اہم ہوگا، کیونکہ یہ کمپنی کا پہلا بڑا لانچ ایونٹ ہوگا جس میں جان ٹرنَس بطور چیف ایگزیکٹو کمپنی کی قیادت کریں گے۔ موجودہ چیف ایگزیکٹو ٹم کک یکم ستمبر کو عہدے سے سبکدوش ہوکر ایگزیکٹو چیئرمین کا منصب سنبھالیں گے۔