اسلام آباد: آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے اہم سیاسی پیش رفت سامنے آگئی ہے، مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کے نام سمیت حکومت سازی کے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور بیرسٹر افتخار گیلانی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی کے نام پر اتفاق کیا گیا، تاہم شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کی جانب سے اس فیصلے پر تحفظات بھی سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔
اس سے قبل آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے شاہ غلام قادر کا نام مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آیا تھا، جبکہ افتخار گیلانی کا نام بھی مسلسل زیرِ غور تھا۔ اب مرکزی قیادت کی جانب سے افتخار گیلانی کے نام کو ترجیح دیے جانے کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نیا موڑ آگیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب 28 اگست کو ہونا ہے، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا عمل مزید واضح ہوجائے گا۔