تازہ ترین

عید میلاد النبی ﷺ پر سرفراز بگٹی کی قوم اور اہل بلوچستان کو مبارکباد

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پوری قوم اور بالخصوص اہل بلوچستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جبکہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ محبت، عدل، مساوات اور انسانیت کی خدمت کا کامل نمونہ ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی یاد دہانی کراتی ہے، جنہوں نے انسانیت کو جہالت، ظلم اور ناانصافی کے اندھیروں سے نکال کر علم، عدل اور اخوت کی روشنی عطا کی۔ آپ ﷺ نے معاشرے کے کمزور طبقات، یتیموں، مسکینوں، خواتین اور ضرورت مندوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ عدل و انصاف، دیانت داری، امانت، مساوات اور باہمی احترام جیسے اصول آج بھی معاشرے کے مسائل حل کرنے اور موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری ریاست ہے اور ہماری قومی شناخت اسلام کی امن، سلامتی، بھائی چارے اور انسانیت سے محبت کی تعلیمات سے جڑی ہوئی ہے۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ نفرت، تعصب، انتہا پسندی اور تقسیم کے بجائے اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام، قبائل، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور یہاں بسنے والے تمام شہری برابر ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات انسانوں کے درمیان برابری، بھائی چارے اور حقوق کی ادائیگی کا درس دیتی ہیں، اس لیے صوبے میں امن، بھائی چارے اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود، امن و امان، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ کمزور اور محروم طبقات کی ضروریات کو ترجیح دینا بھی سیرت النبی ﷺ کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات اور دیگر مذہبی تقریبات کے دوران امن و امان، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو برقرار رکھا جائے اور ایک دوسرے کے عقائد و جذبات کا احترام کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس بابرکت موقع پر ان افراد کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو غربت، مشکلات اور دیگر مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا، ضرورت مندوں کی مدد کرنا اور کمزور طبقات کا سہارا بننا سیرت طیبہ سے محبت کا عملی اظہار ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنے فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے ادا کرنے چاہئیں۔ ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان ہی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو امن و استحکام، بلوچستان کو ترقی و خوشحالی اور ملک و قوم کو ہر قسم کی مشکلات سے محفوظ رکھے، جبکہ پوری امت مسلمہ پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.