تازہ ترین

جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھائیں گے: سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سیف سٹی نظام امن و امان بہتر بنانے، جرائم کی بروقت نشاندہی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہا ہے، جسے صوبے کے مزید علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔

بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ادارے کی کارکردگی، نگرانی کے نظام، جرائم کی روک تھام اور استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے اجلاس کو سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی اور مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کے مؤثر نگرانی نظام کی مدد سے ملک بھر سے چوری شدہ 138 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ 9 مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کے نتیجے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کو ناکام بنانے میں مدد ملی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی نے مختلف جرائم کے مقامات سے متعلق پولیس کو 631 اہم شواہد فراہم کیے، جن کی مدد سے جرائم کی تحقیقات اور ملزمان تک پہنچنے کے عمل میں معاونت حاصل ہوئی۔

بریفنگ کے مطابق 15 مددگار ایمرجنسی رسپانس سروس کو سی ٹی ڈی سے منسلک کردیا گیا ہے، جس سے ہنگامی صورتحال میں رسپانس اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام اور نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید نگرانی کا نظام صوبے کے مزید علاقوں تک پھیلایا جائے گا۔ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تجربات اور تکنیکی مہارت سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں چیف منسٹر پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا جائے گا، جس میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تجربات، تکنیکی معاونت اور استعداد کار میں بہتری کے لیے تعاون کی درخواست کی جائے گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر رسپانس میکنزم کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ بروقت اطلاعات، جدید نگرانی اور فوری کارروائی کے ذریعے جرائم کی روک تھام کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ بھی مزید یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو سیف سٹی اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سیکیورٹی نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.