تازہ ترین

روس میں اوزون کے گوداموں پر ڈرون حملے، 3 بچے ہلاک، متعدد زخمی

0

روس میں آن لائن ریٹیل کمپنی اوزون کے متعدد لاجسٹک مراکز کو مبینہ یوکرینی ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں گوداموں میں آگ بھڑک اٹھی اور 3 بچے ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

اوزون کے مطابق کراسنودار، داغستان، اسٹاوروپول اور اڈیگیا میں اس کے لاجسٹک مراکز متاثر ہوئے، جبکہ بعض مقامات پر ملازمین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق کراسنودار میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 13، 15 اور 16 سال کی عمر کے تین بچے ہلاک ہوئے، جبکہ مزید 6 بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

داغستان کے شہر مخاچکالا میں اوزون کے ایک لاجسٹک مرکز میں صبح تقریباً 5 بجے ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جبکہ کراسنودار میں بھی کمپنی کے ایک بڑے مرکز میں شدید آتشزدگی کی اطلاع سامنے آئی۔

اوزون کے مطابق ایک روز قبل سامارا کے علاقے میں واقع کمپنی کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں متعدد ملازمین زخمی ہوئے تھے۔

حملوں کی اطلاعات کے بعد ماسکو اسٹاک ایکسچینج میں اوزون کے حصص کی قیمت 12 فیصد تک گر گئی، جبکہ کمپنی کے بڑے شیئر ہولڈر اے ایف کے سسٹما کے حصص میں بھی تقریباً 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کی جانب سے معاشی اہداف کو نشانہ بنائے جانے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کیف کے انتہائی حساس معاشی شعبوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین گزشتہ کئی ہفتوں سے روس کی بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی وائلڈ بیریز سے منسلک مراکز کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ ان مراکز سے فوجی استعمال کی اشیا کے اجزا فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم ماسکو اس الزام کی تردید کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.