اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم یا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے، اپوزیشن کی جانب سے ایسی کوئی تحریک لائی گئی تو اسے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
پارلیمنٹ کے احاطے میں زیتون کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ ایوان کا کورم مکمل رکھنا صرف اسپیکر کی ذمہ داری نہیں، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں گزشتہ نشستوں کے مقابلے میں بہتری نظر آئی اور ارکان کی حاضری بھی بہتر رہی۔ امید ہے کہ آئندہ اجلاس میں مزید بہتری آئے گی اور کورم بھی مکمل ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ارکان کے لیے اپنے حلقوں اور علاقوں کے مسائل اجاگر کرنے کا اہم فورم ہے، اس لیے ایوان کو خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔
ایاز صادق نے اپوزیشن کی جانب سے قانون سازی کے معاملے پر پارلیمانی اتحاد کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے مختلف پارلیمانی کمیٹیوں سے دیے گئے استعفے تاحال قبول نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی ارکان کے کمیٹیوں سے استعفے قبول نہ کیے جائیں۔