تازہ ترین

عمان کے ساحل پر آئل ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل کا حملہ

0

عمان کے ساحل کے قریب بحری سکیورٹی کا ایک اور سنگین واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم پروجیکٹائل نے آئل ٹینکر کو نشانہ بنا دیا۔ حملے کے نتیجے میں جہاز کا انجن روم متاثر ہوا اور اس کی نقل و حرکت رک گئی، تاہم خوش قسمتی سے تمام عملہ محفوظ رہا۔

UKMTO کے مطابق واقعہ عمان کے اش شیشہ کے شمال مشرق میں تقریباً 9 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا۔ ٹینکر کے ماسٹر نے اطلاع دی کہ نامعلوم پروجیکٹائل لگنے سے انجن روم متاثر ہوا اور جہاز کی نقل و حرکت معطل ہوگئی۔

حکام کے مطابق جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ ہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم واقعے کے ممکنہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں فوری طور پر کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔

UKMTO نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ دیگر بحری جہازوں کو علاقے میں احتیاط سے گزرنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور عمان کے اطراف تجارتی بحری جہازوں کی سکیورٹی صورتحال انتہائی حساس ہے اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث بحری آمدورفت کو خطرات لاحق ہیں۔

آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کا اہم راستہ ہے، اس لیے اس نوعیت کے واقعات سے عالمی توانائی مارکیٹ پر ممکنہ اثرات کے خدشات بھی پیدا ہوتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.