تازہ ترین

پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری، موڈیز نے کریڈٹ ریٹنگ بڑھا دی

0

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں نمایاں بہتری کرتے ہوئے اسے Caa1 سے بڑھا کر B3 کردیا ہے، جبکہ پاکستان کی ریٹنگ کا آؤٹ لک مستحکم (Stable) برقرار رکھا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے موڈیز کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔

پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ملکی معیشت، مالیاتی استحکام اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر بڑھتے عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق موڈیز کی جانب سے ریٹنگ اپ گریڈ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی اور مالیاتی پوزیشن کا اعتراف ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک رسائی بہتر ہونے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر متعلقہ وزرا و حکام کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جبکہ معاشی استحکام کے لیے مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔ حکومت کی منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.