پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز کا شیڈول منظور، 3 سے 11 اپریل تک مقابلے ہوں گے
اسلام آباد- پاکستان میں خطے کے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں، ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے چودہویں ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول سمیت اہم انتظامی امور کی منظوری دے دی ہے۔ گیمز آئندہ سال 3 سے 11 اپریل تک پاکستان میں منعقد ہوں گے۔
ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کی۔ اجلاس میں سری لنکا، بنگلا دیش، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ بھارتی وفد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوا۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ چودہویں ساؤتھ ایشین گیمز کے مقابلے پاکستان کے تین بڑے شہروں اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد ہوں گے۔
میگا ایونٹ میں 28 مردوں اور 25 خواتین کے کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے، جبکہ جنوبی ایشیا کے رکن ممالک سے 4 ہزار 200 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔
ساؤتھ ایشین گیمز میں مجموعی طور پر 346 گولڈ میڈلز داؤ پر ہوں گے، جس کے باعث مختلف کھیلوں میں خطے کے بہترین کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
اجلاس کے دوران رکن ممالک کے نمائندوں کو پاکستان میں گیمز کی تیاریوں، انتظامی امور، کھیلوں کے مقامات اور مختلف شہروں میں مقابلوں کے انعقاد سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کہا کہ پاکستان ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے گیمز کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے ایونٹ کے لیے فنڈز کی منظوری بھی پہلے ہی دی جا چکی ہے۔
عارف سعید نے کہا کہ پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز کو شاندار اور یادگار بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے شیڈول اور دیگر انتظامات کی منظوری کے بعد پاکستان میں گیمز کی تیاریوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔