تازہ ترین

بسمتی رائس کیس، پاکستان کے حق میں اہم عدالتی فیصلہ

0

اسلام آباد- بسمتی چاول کے نام پر پاکستان نے بھارت کے خلاف ایک اہم قانونی کامیابی حاصل کرلی ہے، جہاں آسٹریلیا کی وفاقی عدالت نے بھارتی ادارے ایگریکلچرل اینڈ پروسیسڈ فوڈ پراڈکٹس ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (APEDA) کی اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے اپیل مسترد کرنے کے ساتھ درخواست گزار کو مدِمقابل فریق کے قانونی اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزارتِ تجارت کے مطابق آسٹریلوی عدالت کا فیصلہ بسمتی کو ایک ایسے جغرافیائی اشارے کے طور پر تسلیم کرنے کے پاکستان کے مؤقف کے لیے اہم پیش رفت ہے، جس کی تاریخی کاشت کا خطہ پاکستان اور بھارت کے بعض علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔

بھارتی ادارے APEDA نے آسٹریلیا میں چاول کے لیے "Basmati” کو سرٹیفیکیشن ٹریڈ مارک کے طور پر رجسٹر کرانے کی کوشش کی تھی، تاہم آسٹریلوی ٹریڈ مارک اتھارٹی نے 22 دسمبر 2022 کو اس درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ اتھارٹی کا مؤقف تھا کہ بسمتی کی اصطلاح کو صرف APEDA سے تصدیق شدہ چاول کو دیگر تاجروں کے بسمتی چاول سے الگ شناخت کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

بعد ازاں APEDA نے اس فیصلے کو آسٹریلیا کی وفاقی عدالت میں چیلنج کیا، تاہم عدالت نے اب اپیل مسترد کرتے ہوئے سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ اس فیصلے سے یہ مؤقف بھی برقرار رہا کہ بسمتی چاول پاکستان میں بھی پیدا ہوتا ہے اور پاکستانی تاجروں کو بسمتی کی اصطلاح استعمال کرنے کا جائز حق حاصل ہے۔

وزارتِ تجارت کے مطابق آسٹریلوی عدالت کا فیصلہ بسمتی کے نام پر خصوصی بین الاقوامی حقوق حاصل کرنے کی کوششوں کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ کسی ایک ملک یا ادارے کو بسمتی کے نام پر ایسا خصوصی اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے جس سے دیگر جائز دعوے رکھنے والے علاقوں کے کاشتکاروں، تاجروں اور برآمد کنندگان کو محروم کیا جائے۔

وزارتِ تجارت نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستانی بسمتی کاشتکاروں، رائس ملرز اور برآمد کنندگان کے تجارتی اور دانشورانہ املاک کے مفادات کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگا اور انہیں آسٹریلیا میں مستند پاکستانی بسمتی چاول کی مارکیٹنگ جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔

وزارت کے مطابق متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کے مفادات کے دفاع کے لیے اقدامات جاری ہیں اور مستقبل میں بھی مختلف ممالک میں بسمتی کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ یہ اقدامات بسمتی کی تاریخی اصل، عالمی شہرت اور منفرد خصوصیات کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کیس میں مربوط کوششوں پر وزارتِ تجارت کے حکام، متعلقہ ٹیموں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.