متنازع بیان کے بعد شہود علوی نے وضاحت دے دی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شہود علوی ایک حالیہ متنازع بیان کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئے، تاہم بڑھتے ہوئے ردعمل کے بعد اداکار نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ ان کی گفتگو کا مقصد خواتین کی توہین کرنا نہیں تھا۔
شہود علوی نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کے دوران گھریلو خواتین کے حوالے سے ایسا بیان دیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ناراضی کا اظہار کیا اور اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
معاملہ بڑھنے کے بعد شہود علوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحتی بیان جاری کیا اور کہا کہ ان کی بات کو جس انداز میں پیش کیا اور سمجھا گیا، ان کا مقصد ہرگز وہ نہیں تھا، اس لیے وہ اپنے مؤقف کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ پروگرام کے دوران ایک خاتون کی کال موصول ہوئی تھی، جنہوں نے شکایت کی کہ جب بھی ان کے شوہر گھر آتے ہیں تو وہ فون میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ شہود علوی کے مطابق وہ خواتین کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اگر وہ اپنی ذات اور شخصیت کا خیال نہیں رکھیں گی تو مردوں کی توجہ باہر کی جانب بھی جاسکتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ وہ خواتین کی عزت نہیں کرتے، تاہم ایسا نہیں ہے۔ ان کے مطابق وہ خواتین کو پراعتماد اور بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں۔
شہود علوی نے مزید کہا کہ ان کے اپنے گھر میں بھی بیوی، بیٹیاں اور بہنیں ہیں اور وہ انہیں تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ گھر میں بھی خوش اور پراعتماد زندگی گزارتی ہیں۔
تاہم اداکار کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہ ہوسکا۔ ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’لگتا ہے کسی کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا‘‘، جبکہ دیگر صارفین نے مشہور شخصیات کو حساس موضوعات پر گفتگو کے دوران الفاظ کے انتخاب میں زیادہ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔