وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے تحت مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ اسکیم کے ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل عبور کرچکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم کی کامیابی اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اب تک اسکیم کے تحت 52 ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں، جبکہ روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس پیش رفت کو عوامی اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر قرار دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور حکومتی وسائل شفاف اور مؤثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے کے لیے وفاقی حکومت کی تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے روکنے کے لیے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم شروع کی گئی تھی، جس کے تحت ستمبر میں آغاز کے بعد سے اب تک ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کی مربوط کوششوں سے اسکیم پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ممکن ہوا ہے۔ ان کے مطابق یہ مشترکہ اقدام عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے عام شہریوں، محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کو براہ راست مالی ریلیف مل رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عمل درآمد کے دوران شفافیت، مؤثر نگرانی اور شہریوں کو سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے شہریوں کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے مستفید ہوسکیں۔