وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی مدت مکمل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور پارلیمنٹ میں بطور اتحادی اپنا کردار جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو سے ملاقات میں ریفرنڈم کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور ملاقات کا ماحول بھی کشیدہ یا تلخ نہیں تھا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے میثاق جمہوریت کا ذکر کیا، جس پر اسحاق ڈار نے تجویز دی کہ میثاق جمہوریت کے ساتھ میثاق معیشت بھی ہونا چاہیے۔ ریفرنڈم سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کا مطلب عوام سے براہ راست رائے لینا ہے، تاہم حکومت نے ابھی تک اس کے انعقاد کے لیے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں موجود طریقہ کار کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو خندہ پیشانی سے سنے گی، تاہم ریاست اور اداروں کے خلاف بیانات نہیں دیے جانے چاہییں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ریاست مخالف بیانات سامنے نہ آتے تو بہتر ہوتا، جبکہ شہدا کے حوالے سے ان کا بیان بھی تکلیف دہ تھا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق گھر سے نکالی گئی خواتین کو مولانا فضل الرحمان کے داماد کے گھر منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے خواتین کو آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرنے کا عمل غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں اس سے بہتر طریقہ اختیار کیا جاسکتا تھا۔ جی سکس فور میں گھر سیل کیے جانے کے معاملے پر طارق فضل چوہدری نے وضاحت کی کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بائی لاز کے تحت کسی ایسے شخص کو گھر الاٹ نہیں کیا جاسکتا جو پاکستانی شہری نہ ہو۔ ان کے مطابق اسی بنیاد پر گھر کے حوالے سے نوٹس جاری کیا گیا اور مکینوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے بلایا گیا، تاہم ان کی عدم پیشی پر سی ڈی اے نے گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرکے اسے سیل کر دیا۔