آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ کا بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کا دورہ، طلباء سے اہم گفتگو
بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور قومی ترقی میں ان کے کردار پر تبادلہ خیال کے لیے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ)، میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیکلٹی ممبران اور طلباء کے ساتھ ایک غیر رسمی نشست میں شرکت کی۔
نشست کے دوران بلوچستان میں شعبہ تعلیم کو درپیش مسائل، اعلیٰ تعلیم کے مواقع، نوجوانوں کی ترقی، قومی ترقی میں طلباء کے کردار اور صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی نے طلباء کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے طلباء پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معیاری تعلیم، مثبت سوچ اور قومی یکجہتی کے جذبے کو اپنا کر ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء نے اس موقع پر بلوچستان میں امن و استحکام، تعلیمی ترقی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی کاوشوں کو سراہا۔