جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا میں جماعت کی مجوزہ کانفرنس کے انعقاد میں رکاوٹوں، کارکنوں کی گرفتاریوں اور سینئر رہنماؤں کو مبینہ طور پر نظر بند کیے جانے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو اہم شاہراہیں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور کارکن سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے کوہستان، چترال، بدین، تربت، مکران اور چمن سمیت مختلف علاقوں کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اہم شاہراہیں بند کریں۔
جے یو آئی سربراہ کے مطابق 26 نومبر کو سرگودھا میں ہونے والی گرینڈ کانفرنس کا اعلان برقرار ہے اور مختلف سمتوں سے قافلے شہر کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔ تاہم ان کا الزام تھا کہ لاہور کے داخلی راستوں پر کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں اور صوبائی دارالحکومت میں ان کی نقل و حرکت بھی محدود کی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موٹروے سمیت سرگودھا جانے والے مختلف راستے بند کیے گئے ہیں، جن میں چشمہ، میانوالی، خوشاب اور فیصل آباد سے آنے والے راستے بھی شامل ہیں۔ ان کے معاونین کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا قافلہ سرگودھا روانگی کے دوران ٹریفک میں پھنس گیا، جبکہ اسلام آباد سے جے یو آئی کا قافلہ پہلے ہی روانہ ہو چکا تھا۔
انہوں نے سرگودھا کی صورت حال کو کرفیو جیسی قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس نے کانفرنس کے مقام کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے اور کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق خوشاب سمیت مختلف اضلاع میں گرفتاریاں کی گئیں، جبکہ راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک کارکنوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ جماعت کے ایک طلبہ رہنما کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر نظر بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے پنجاب کے سربراہ مولانا امجد خان کو بھی خوشاب میں ان کے گھر پر نظر بند کیا گیا ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے سوال اٹھایا کہ جماعت کو جلسہ کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی اور اس کے کارکنوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں جماعت کے مقامی امیر علیل اور گھر تک محدود ہیں، جبکہ ان کے وکیل بیٹے کو بھی مبینہ طور پر گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سوشل میڈیا پر کوئٹہ کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مقامی جماعتی عہدیداروں سے رابطہ کرکے احتجاجاً تین مقررہ مقامات پر سڑکیں بند کریں۔
ادھر جے یو آئی کے کارکنوں نے پشاور موٹروے ٹول پلازہ پر احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں کو روک دیا، جس کے باعث پشاور اور اسلام آباد کے درمیان دونوں سمتوں میں ٹریفک متاثر ہوئی۔ روکی جانے والی گاڑیوں میں خواتین اور بچوں سمیت خاندان بھی موجود تھے۔ جے یو آئی کے سینیٹر عطاء الحق درویش بھی کارکنوں کے ہمراہ ٹول پلازہ پہنچے۔