کراچی: ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی کال پر بڑا اختلاف سامنے آگیا، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ گرینڈ الائنس میں شامل 18 ایسوسی ایشنز نے 8 اگست کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کال مسترد کردی۔
کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الائنس میں شامل ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے کہا کہ وہ اپنے مسائل کا حل ہڑتال کے بجائے بات چیت اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال پر مجبور کرنے والے عناصر مبینہ طور پر ان کی گاڑیوں اور ٹرالرز کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس لیے سندھ حکومت اور آئی جی سندھ ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کریں۔