وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر سفارت کاروں کو بریفنگ دی گئی ہے، جس میں معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اور سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اشتراک سے پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں اور سربراہانِ سفارت خانہ کو اقتصادی سفارت کاری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی۔
بریفنگ کی صدارت سیکریٹری خارجہ نے کی، جبکہ ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر، ڈائریکٹر جنرل، سیکریٹری اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے سیکریٹری ڈاکٹر جہانزیب خان نے شرکا کو پاکستان کے معاشی ماحول، سرمایہ کاری کے مواقع، مراعات اور مختلف شعبوں میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
بریفنگ میں معدنیات، زراعت و لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات، صحت، بنیادی ڈھانچے، سیاحت، خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز) اور انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی۔
شرکا کو مختلف شعبوں سے متعلق سرمایہ کاری کی تفصیلات پر مبنی کتابچے بھی فراہم کیے گئے۔
اس موقع پر سفارت کاروں نے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی مراعات، ضابطہ جاتی نظام، منافع کی بیرون ملک منتقلی، ٹیکسوں اور دیگر امور سے متعلق سوالات کیے، جن کے جوابات ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر، سیکریٹری اور دیگر حکام نے دیے۔
اختتامی کلمات میں سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ، ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ ادارے سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
سیکریٹری خارجہ نے پاکستان میں تعینات سفیروں اور ان کی ٹیموں کے کردار کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے اپنے ممالک کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے میں مدد فراہم کریں۔