ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور فیک نیوز کے تیزی سے پھیلاؤ نے افراد کی عزت، وقار اور ساکھ کو متاثر کرنے کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک جھوٹی خبر چند سیکنڈ میں دنیا بھر میں پھیل سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں کسی شخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے فیک نیوز کو گولی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ چلنے کے بعد گولی واپس نہیں آتی، اسی طرح غلط خبر بھی پھیلنے کے بعد اپنے اثرات چھوڑ جاتی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا کا موضوع ان کے دل کے قریب ہے، تاہم موجودہ دور میں قانون سازی، ضوابط اور پالیسیوں کے ذریعے ان چیلنجز سے نمٹنا آسان نہیں۔ اس مقصد کے لیے انتہائی محتاط اور نپے تلے انداز میں اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور ان کے ساتھ نئے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔ دانستہ یا نادانستہ غلط معلومات کا پھیلاؤ ایک سنگین چیلنج ہے، جس کے تدارک کے لیے قانون سازی، مؤثر ریگولیشن اور اجتماعی رویوں میں تبدیلی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر قانون کے مطابق آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کی عزت، وقار اور ساکھ کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ آزادی اظہار اور دوسروں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 اور 19 میں بیان کردہ حقوق پاکستان کی سرزمین پر موجود ہر شخص کو حاصل ہیں، جبکہ آئین ہر فرد کے وقار اور نجی زندگی کے احترام کا بھی تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے، لیکن سوشل میڈیا نے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ صحافتی دنیا میں بریکنگ نیوز کی دوڑ کے باعث خبر کی تصدیق اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں ان کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے یہ غلط خبر نشر کی گئی تھی کہ ان کے اثاثے 32 ارب روپے ہیں، تاہم اگلے روز اس خبر کی وضاحت جاری کی گئی۔ ان کے مطابق یہ مثال ظاہر کرتی ہے کہ غلط معلومات کسی شخص کو کس حد تک متاثر کر سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی تصدیق کرے۔ ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات کے درمیان فرق سمجھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثر ہونے والا ملک ہے اور اس دوران بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ موجودہ حالات میں سوشل میڈیا کا مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال، مؤثر پالیسی سازی، مناسب چیک اینڈ بیلنس اور شہریوں میں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔