آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز میں دھماکے اور آگ بھڑک اٹھی، ایرانی میڈیا کا دعویٰ
تہران: ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تین آئل ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں جہازوں پر دھماکے ہوئے اور شدید آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی سرکاری ٹی وی ’آئی آر آئی بی‘ نے ملکی بحریہ کے حوالے سے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا، جنہیں ایران نے خلاف ورزی کرنے والے جہاز قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تینوں بحری جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں اور شدید آتش زدگی کا شکار ہوئے۔
تاہم ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ میں متاثرہ جہازوں کی شناخت، عملے کی تعداد، ممکنہ جانی نقصان یا واقعے کے درست مقام کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اس واقعے سے متعلق ایرانی میڈیا کے دعوے کی آزادانہ تصدیق بھی تاحال سامنے نہیں آئی۔