کوئٹہ: بلوچستان میں میڈیا اداروں کی بندش اور صحافیوں کی برطرفیوں کے خلاف صحافیوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے دو روزہ احتجاجی دھرنا دے دیا۔ احتجاج پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر کیا گیا، جس میں سیاسی جماعتوں، مزدور تنظیموں، وکلا، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
احتجاجی کیمپ میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد افضل بٹ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد رند، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، سابق صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار، سابق صدر کوئٹہ پریس کلب رزاق الرحمٰن، مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اور زمرک خان اچکزئی سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں 11 میڈیا بیوروز کی بندش کے باعث 122 خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قتل کیے گئے 40 صحافیوں کے قاتلوں کو تاحال انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جا سکا۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے مطالبات کی حمایت کریں اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔